
23/09/2025
اقوام متحدہ کے قریب مواصلاتی نظام کو ’معطل‘ کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا,میڈلائن ہالپرٹ، بی بی سی نیوز
#خبر
امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ اس نے ٹیلی کمیونیکیشن ڈیوائسز سے لیس ایک ایسے نیٹ ورک کو ناکام بنا دیا ہے جو موبائل فون نیٹ ورکس کو بند کر سکتا تھا اور یہ منصوبہ ایک ایسے وقت پر بنایا گیا تھا جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر 100 سے زائد عالمی رہنما اور وفود مین ہیٹن میں جمع ہو رہے تھے۔
ایجنسی نے کہا کہ اسے 300 سے زیادہ سم سرورز اور ایک لاکھ سم کارڈز ملے ہیں جو نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹیکٹ کے کچھ حصوں پر محیط علاقے میں ٹیلی کام حملوں کے لیے استعمال ہوسکتے تھے۔
سیکرٹ سروس کے انچارج ایجنٹ میٹ میک کول نے کہا کہ ’اس نیٹ ورک میں سیل فون ٹاورز کو غیر فعال کرنے اور لازمی طور پر نیو یارک شہر میں فون نیٹ ورک کو بند کرنے کی طاقت تھی۔‘
یہ آلات جنرل اسمبلی کے اطراف میں 56 کلومیٹر کے فاصلے سے ملےہیں، جہاں دنیا بھر سے عالمی رہنما جمع ہو رہے ہیں۔
ایجنسی نے کہا کہ حکام ان آلات کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں لیکن یہ کہ ’منظم اور اچھی طرح سے مالی اعانت سے چلنے والا‘ منصوبہ تھا جس میں ’ریاستی عناصر شامل ہیں جن کے بارے میں وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات ہیں۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ ان آلات سے 12 منٹ کے اندر امریکہ کی پوری آبادی کو برقی پیغامات بھیجے جا سکتے تھے۔ اس سے موبائل فون ٹاورز کو بھی غیر فعال کیا جا سکتا تھا اور ایمرجنسی سروسز کے مواصلاتی نظام کو بھی بند کیا جا سکتا تھا۔
میک کول نے امریکی صحافیوں کو بتایا کہ اس منصوبے میں نامعلوم ریاستی عناصر شامل ہیں جو منظم جرائم پیشہ گروہوں، کارٹلز اور دہشت گرد تنظیموں کو خفیہ پیغامات بھیجتے ہیں۔
یہ آلات پانچ سے زیادہ مقامات پر خالی پڑی پرانی عمارتوں میں ’سم فارمز‘ سے ضبط کیے گئے تھے۔
حکام نے ان مقامات کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔
نامعلوم عہدیداروں نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ اس منصوبے کے بارے میں معلومات حالیہ عرصے میں امریکی حکومت کے تین عہدیداروں کو گمنام ’ٹیلی فونک دھمکیوں‘ کی تحقیقات کے دوران ہوئی ہیں۔ اخبار کے مطابق ایک اہلکار سیکرٹ سروس میں کام کرتا ہے اور دوسرے دو وائٹ ہاؤس میں کام کرتے ہیں۔
تفتیش کاروں نے سی بی ایس نیوز کو یہ بھی بتایا کہ انھیں 80 گرام کوکین، غیر قانونی آتشیں اسلحہ، کمپیوٹر اور فون ملے ہیں۔
یہ تحقیقات گذشتہ موسم بہار میں امریکی حکومت کے عہدیداروں کو دھمکیوں کے بعد شروع کی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں گذشتہ ماہ ان آلات کی دریافت ہوئی تھی۔