05/11/2025
نئے تاجروں کے لیے
چند گر کی باتیں
بغیرسرمائے کے کاروبار
بہت سے لوگ کاروبار کی آرزو رکھتے ہیں، لیکن سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اگر کچھ تعلیم ہو تو کوئی ہنر سیکھ کر بہتر روزگار کمایا جا سکتا ہے، کئی ایسے کام ہیں جو چند ماہ میں سیکھے جا سکتے ہیں، جیسے گرافک ڈیزائننگ، کمپوزنگ، پرنٹنگ اور پینٹنگ وغیرہ۔ یہ ایسے کام ہیں جس سے بآسانی روزگار مل جاتا ہے اور سرمایہ جمع ہوجانے پر انویسٹمنٹ کی جا سکتی ہے۔
اصل بات یہ ہے کہ کاروبار میں جذبہ اور شوق لازمی ہے۔ اس کے بعد تین چیزوں میں سے کسی ایک کی ضرورت ہو گی:
1 سرمایہ
2 تجربہ
3 ہنر
سرمایہ ہو تو بزنس، تجربہ ہو تو کامیاب کاروبار اور ہنر ہو تو بہترین ملازمت آپ کا کیرئیر ہے، اس سے ہی آپ کا مستقبل تعمیر ہو گا۔اگر اتفاق سے یہ تینوں فی الحال نہیں ہیں تو سب سے پہلے ہنر سیکھیے، جس طرف شوق ہو اس کام میں کمال پیدا کیجیے، جو ہنر آ جائے پھر کسی بڑے شہر میں اس کام کو ذریعہئ روزگار بنائیے، اچھی جگہ تجربہ کیجیے اور بعد ازاں سرمایہ آ جائے تو اسی ہنر کو ذاتی کاروبار میں تبدیل کر لیجیے۔
یاد رکھیے! ہنر اور تجربہ گھر بیٹھے نہیں آئے گا، اس کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی، ہزاروں قسم کے شعبے ہیں جنہیں سیکھ کر رزق حلال کمایا جا سکتا ہے۔
آپ کا ایک شکوہ
اکثر لوگ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ محنت تو بہت کی مگر اس کے خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے، سارا سرمایہ ڈوب گیا، کچھ فائدہ نہ ہوا، اس ناکامی کی وجہ محنت کی کمی نہیں بلکہ ناتجربہ کاری، کاروباری لوازمات کو پورا نہ کرنا، کاروباری پوائنٹ کا غلط انتخاب، بے موقع سرمایہ کاری اور غیر منافع بخش بزنس پہ اندھا دھند پیسہ لگانا ہے، مثلاً: جیسے بک اسٹال کو فیکٹری ایریا میں کھول لینا، کریانہ کی شاپ لوہا مارکیٹ میں چلانے کی کوشش کرنا، ٹریول ایجنسیز کے درمیان کلاتھ ہاؤس، جیولرز کی مارکیٹ میں سموسوں کی دکان تو یہ کاروبار ہرگز کامیاب نہیں ہوتے، اس پہ چاہے آپ لاکھوں روپے لگا لیں، کیونکہ محنت کا صلہ بروقت اور موقع محل کے مطابق فیصلہ کرنے میں ہے، اگر یہ ٹھیک نہ ہو تو قسمت کو دوش دینا سراسر زیادتی ہو گی۔
کون سا کاروبار کریں
کاروبار بہت سے ہیں، اکثر لوگوں نے فون پہ رابطہ کر کے یہ پوچھا کہ میں کون سا کاروبار کروں؟
دیکھیں! یہ ایک بہت مشکل سوال ہے، جب تک آپ کے ذہنی رجحان، طبعی کیفیات، مالی پوزیشن، گھریلو عوامل، تجربہ / ہنر، تعلیمی صورت حال، خاندانی پس منظر اور موجودہ گزر بسر کا پتا نہیں چل جاتا تب تک یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آپ کون سا کاروبار کریں؟ لیکن یہاں پہ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ یہ فیصلہ بہرحال آپ ہی کو کرنا ہو گا کہ کون سا کاروبار آپ کے لیے بہتر ہے اور کون سا نہیں؟ اس لیے اپنے ذہنی رجحان کے مطابق مندرجہ بالا تمام سوالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیجیے گا، جس پہ آپ کو مکمل اطمینان ہو۔
پارٹنر کا انتخاب کیسے کریں؟
سرمایہ لگا کر منافع کا حصول ہر ایک کا خواب ہے، لیکن یاد رکھیے! دنیا میں آپ کو 0.1 فیصد لوگ ایسے ملیں گے جو آپ کے سرمائے کو آپ ہی کی طرح تحفظ دیں گے، یاد رکھیے کامیاب کاروبار وہی ہے جو آپ کی پہنچ میں ہے، اگر آپ کا کوئی دوست یا رشتہ دار بزنس میں دلچسپی رکھتا ہے تو ضروری نہیں کہ آپ اسے پارٹنر بنائیں، اکثر ایسے کاروبار فلاپ ہو جاتے ہیں جس میں دوستوں کی پارٹنرشپ ہو اور کاروباری نقصان کے ساتھ ساتھ تعلق بھی جاتا رہتا ہے، اس لیے زیادہ منافع کے حصول کے لیے افرادی قوت کو ساتھ ملانا بھی پڑ جائے تو پارٹنر کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیجیے گا۔
کامیاب سرمایہ کاری
اگر آپ کے پاس وسیع سرمایہ کاری ہو تو کچھ کام ایسے ہیں جن پہ سرمایہ لگا کر ماہانہ لاکھوں روپے کمائے جا سکتے ہیں اور اس کام کے لیے آپ کو ابتدا میں کچھ ذرائع اور بااختیار لوگ تلاش کرنا پڑتے ہیں، تھوڑی پلاننگ اور پھر کام چل پڑتا ہے، کچھ ملازم اور گھر بیٹھے آرام، آپ کو اس طرح کے کاموں میں زیادہ ذہنی دباؤ کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا، آپ باؤنڈ بھی نہیں ہوتے اور آپ کا سرمایہ بڑھتا رہتا ہے۔