13/08/2026
راولپنڈی: خود کو اطالوی سفارتخانے کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دینے والے جعل ساز گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے اٹلی بھجوانے کے نام پر ایک شہری سے 45 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
حکام کے مطابق کارروائی اٹلی کے سفارتخانے کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں دی گئی درخواست کی بنیاد پر کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان کے جعل سازی کے ذریعے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت یا سفر کے نام پر دھوکا دینے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گروہ کے طریقہ واردات، دیگر ساتھیوں اور مزید شہریوں سے فراڈ کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ حکام نے شہریوں کو بھی بیرون ملک بھجوانے یا ملازمت دلانے کے نام پر رقم دینے سے قبل متعلقہ اداروں اور سفارتخانوں سے معلومات کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔