27/08/2026
پمز ہسپتال میں آتشزدگی واقعے کے بعد متضاد بیانات
نرسری میں آتشزدگی سے 14 نومولود جاں بحق ہو گئے مگر بیڈز پر جو چادریں تھیں، اس پر ہمیں جلنے کا کوئی نشان نہیں ملا، قائمہ کمیٹی اجلاس میں انکشاف
اسلام آباد : پمز ہسپتال میں آتشزدگی واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، لیکن دوسری جانب واقعے کے بعد متضاد بیانات سامنے آرہے ہیں۔ اے آروائی نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا سانحہ پمز اسپتال پر اجلاس ڈاکٹر مہیش کمار کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں ممبر قائمہ کمیٹی نے کہا کہ عملے کی ایک رکن نے کہا کہ انہوں نے اسپارک دیکھا اور باہر چلی گئیں تو خاتون نے کسی کو بتایا کیوں نہیں یہ بھی پوچھا جائے گا جب کہ ڈاکٹرز کے بیانات میں بھی تضادات ہیں۔
اس سب کو دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا پورے اسپتال میں صرف نرسری ہی حادثے کا شکارہوئی، لیکن نرسری میں بیڈز پر جو چادریں تھیں، اس پر ہمیں جلنے کا کوئی نشان نہیں ملا۔
مزید برآں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین اور ارکان نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا، قائمہ کمیٹی نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے خود تحقیقات کا فیصلہ کر لیا چیئرمین کمیٹی مہیش کمار ملانی نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی سرکاری انکوائری پر انحصار نہیں کرے گی، میرٹ پر حقائق کا جائزہ لیا جائے گا، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤ ں سے ملنے والی معلومات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے. چیئرمین قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ فائر سیفٹی انتظامات یا حادثے کی وجوہات میں کہیں نہ کہیں فالٹ ضرور ہوا، تمام متعلقہ افسران کو طلب کرکے ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا، صرف ہیلتھ سیکرٹری کی معطلی سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، ادارے کے انتظامی سربراہ کی حیثیت سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کردار بھی اہم ہے. ڈاکٹر مہیش کمار نے کہا کہ ہسپتال کے عملے اور ڈیوٹی پر موجود نرسز سے بھی معلومات حاصل کی گئی ہیں، تاہم کسی نے یہ نہیں دیکھا کہ آگ کہاں سے لگی، مختلف باتیں سامنے آ رہی ہیں لیکن فی الحال یہ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ آگ کیسے لگی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے سے قبل اے سی میں اسپارک ہوا، وزیر نے بھی اے سی میں اسپارک ہونے کی بات کی تھی، ای ڈی کو اے سی سسٹم اور ممکنہ تکنیکی خرابیوں کا جائزہ لینا چاہیے تھا قائمہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ واقعے پر کمیٹی کو درست اور مکمل رپورٹ ملنا ضروری ہے، انتظامیہ اور وزارت کی سطح پر کوتاہیوں کی نشاندہی کی جائے گی. دوسری جانب نئے وفاقی سیکرٹری ہیلتھ محمود رائے نے پمز ہسپتال کے باہر ٹینٹ نصب کروا دیا ، ٹینٹ میں شہریوں کے بیٹھنے اور شکایات سننے کا انتظام کیا گیا ہے، وفاقی سیکرٹری ہیلتھ محمود رائے روزانہ کیمپ میں بیٹھ کر پمز ہسپتال میں انتظامی امور اور سہولیات کا روزانہ جائزہ لیں گے اور شہریوں کی شکایات بھی سنیں گے۔