28/05/2026
قربانی کی آلائشیں اٹھانے کے بعد چونا اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرنے والی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، جس کا بجٹ 43 ارب روپے ہیں اس کی کارکردگی کراچی صفورا ٹاؤن میں مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔ ٹاؤن کے چاروں اطراف قربانی کی آلائشوں اور لاشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، مگر انہیں اٹھانے والا کوئی نظر نہیں آ رہا۔
علاقہ مکین شدید تعفن، گندگی اور ممکنہ بیماریوں کے پھیلاؤ کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ عید سے پہلے کیے گئے تمام دعوے اور اعلانات صرف کاغذی ثابت ہوئے، جبکہ زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
پیپلز پارٹی کے ٹاؤن چیئرمین، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور متعلقہ انتظامیہ کی صفائی مہم مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہری سوال کر رہے ہیں کہ اگر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود بنیادی صفائی کا نظام بھی بہتر نہیں ہو سکتا تو پھر یہ بجٹ آخر کہاں استعمال ہو رہا ہے؟
اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آلائشیں اور گندگی اٹھائی جائے، چونے اور جراثیم کش اسپرے کا مؤثر انتظام کیا جائے، اور اس بدترین غفلت کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہری مزید بیماریوں اور اذیت سے محفوظ رہ سکیں۔