18/12/2025
سرکی لواغر ڈیم کے باعث ممانی لواغر کے عوام شدید مشکلات کا شکار
سرکی لواغر ڈیم کی تعمیر کے باعث ممانی لواغر کے رہائشی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔ متعدد خاندان اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں، جبکہ علاقے کی واحد آمدورفت کی سڑک بند ہونے سے اہلِ علاقہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ قبرستان کے اردگرد کا علاقہ بھی پانی میں گھِر کر جزیرے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
اہلِ علاقہ شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ ممانی لواغر کے رہائشی ایڈووکیٹ مراد خٹک نے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ سرکی لواغر ڈیم مٹی سے بھر چکا ہے اور اس کا پانی گاؤں ممانی لواغر کی جانب رُخ کیے ہوئے ہے، جس کے باعث گاؤں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کے محفوظ اخراج کے لیے فوری طور پر نہر نکالی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ نہر کی تعمیر سے نہ صرف موجودہ مسئلہ حل ہوگا بلکہ اردگرد کی زمینوں کو بھی زرعی فائدہ پہنچے گا۔ اہلِ علاقہ فوری حکومتی توجہ اور عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔