
12/10/2025
سوشل میڈیا پر وائرل کیپٹن عادل داوڑ کی حقیقت سامنے آگئی
اسلام آباد (نمائندہ شاکی پروڈکشن)سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے پاک افغان سرحد پر شہید ہونے والے ایک مبینہ ایس ایس جی کمانڈو کیپٹن عادل داوڑ کی تصویر وائرل ہو رہی ہے، جس کے ساتھ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والا پاک فوج کا شیر دل افسر تھا جو افغان بارڈر پر لڑتے ہوئے شہید ہوا۔ تاہم تحقیقات کے مطابق، وائرل ہونے والا شخص عام شہری ہے، فوجی نہیں۔ ذرائع کے مطابق کیپٹن عادل داوڑ کے نام سے پھیلائی جانے والی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پر مبنی ہے۔مزید تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر اے آئی (Artificial Intelligence) سے تیار کی گئی ہے اور کسی حقیقی شخص یا فوجی شہید سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ ماہرین کے مطابق تصویر میں واضح نشانات اور ڈیجیٹل ایڈیٹنگ کے اثرات دکھائی دیتے ہیں جن سے اس کے مصنوعی ہونے کی تصدیق ہوتی ہے۔پوسٹس میں دکھایا گیا جملہ وطن کی مٹی گواہ رہنا اور تصویر نے لاکھوں صارفین کو جذباتی کر دیا، جبکہ متعدد پیجز نے اسے بطور شہید افسر شیئر کیا۔ بعد ازاں تصدیق پر معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص پاک فوج سے تعلق نہیں رکھتا۔معروف سوشل ایکٹوسٹ عدنان پرھر نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اور جعلی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں، تاکہ عوامی جذبات کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے حقیقی شہداء ہماری پہچان اور فخر ہیں، مگر جھوٹی خبریں پھیلانا نہ صرف گمراہ کن بلکہ شہداء کی عظمت کے ساتھ ناانصافی ہے۔