12/09/2026
۔
خانیوال کے علاقے موضع کالو پترا گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کے دوران معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ اور تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
فائرنگ ہوتے ہی گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں اور شائقین میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں، جبکہ مارپیٹ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
متاثرہ افراد کے مطابق ریکارڈ یافتہ ملزم مختار عرف شلو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کی اور بعد ازاں مخالفین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس کے بعد تھانہ تلمبہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ اور تشدد میں ملوث مرکزی ملزم مختار عرف شلو کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ پانچ نامزد اور بارہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم مختار عرف شلو کے خلاف آٹھ سے زائد مقدمات درج ہیں، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور تشدد میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔