07/09/2025
آن لائن گیمز اور ٹریڈنگ کے پیچھے چھپے جواء مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
دنیا جس تیزی سے ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ رہی ہے، اسی دوڑ میں نوجوان نسل آن لائن گیمنگ اور آن لائن ٹریڈنگ کے نام پر سرگرم جواء مافیا کے جال میں پھنستی جا رہی ہے۔ یہ مافیا نوجوانوں کو آسان دولت کا خواب دکھا کر ان کی کمائی لٹانے کے بعد ان کی زندگیاں برباد کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر اس مافیا کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو نوجوان نسل کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ آج کل کئی نوجوان ان غیر قانونی سرگرمیوں میں پھنس کر ادھار لے کر رقوم ضائع کر رہے ہیں اور واپسی کے دباؤ میں خودکشیاں کرنے یا جرائم کی دنیا میں قدم رکھنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
علاقے کے چند گھرانوں میں اچانک دولت کی ریل پیل دیکھ کر دیگر نوجوان بھی ان کی دیکھا دیکھی جوا کھیلنے کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ یہ رجحان نہ صرف ان کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہا ہے بلکہ اردگرد کے معاشرے کو بھی شدید مسائل میں مبتلا کر رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب تک ان مافیاز اور ان کے سرپرست بڑے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جاتی، نوجوان نسل کو تباہی سے نہیں بچایا جا سکتا۔ اعلیٰ حکام اور ملکی ایجنسیاں فوری طور پر نوٹس لے کر اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔۔سوشل میڈیا ذرائع