
07/08/2025
ضلع کوہاٹ میں محرم الحرام کے پُرامن، مؤثر اور مثالی انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک پُروقار تعریفی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوہاٹ جناب رحیم اللہ نے کی۔ اس تقریب کا مقصد اُن تمام اداروں، محکموں اور شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے امن و امان کے قیام، نظم و ضبط کے نفاذ، اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار نہایت ذمہ داری اور دیانت داری سے ادا کیا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ریونیو افسران و اہلکاران، محکمہ سول ڈیفنس، تاجر برادری، ٹریفک پولیس کوہاٹ، ریسکیو 1122، ٹی ایم اے کوہاٹ، اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر جناب رحیم اللہ نے اپنے خطاب میں تمام اداروں کے درمیان مثالی تعاون، مربوط حکمتِ عملی اور باہمی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی اجتماعی کاوشوں کی بدولت ضلع کوہاٹ میں محرم الحرام پُرامن اور پرامن ماحول میں مکمل ہوا، جس پر تمام اہلکار اور عوام بجا طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر اُن شخصیات اور اداروں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا جنہوں نے نظم و نسق، عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھائیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی تمام اداروں کے ساتھ قریبی روابط اور تعاون کے ذریعے عوامی خدمت، مذہبی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔