31/10/2025
کوہاٹ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے،جسے عوام اور پیرامیڈیکس عملے نے "ڈکٹیٹرشپ، کرپشن، انا پرستی، غرور اور تکبر کے خاتمے" سے تعبیر کیا ہےپیرامیڈیکس ایسوسی ایشن کوہاٹ نے ایم ایس کی تبدیلی کے فیصلے پر سیکرٹری ہیلتھ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اسپتال میں شفافیت، نظم و ضبط اور مریضوں کے بہتر علاج کی بحالی کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔ضلعی صدر پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن راشد بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکرٹری صحت کے اچانک دوروں نے اسپتال کے معاملات کی حقیقت سامنے لادی۔ ان کے مطابق، سابق ایم ایس کی ناقص کارکردگی، انتظامی نااہلی اور عملے کے ساتھ ناروا رویے کے باعث اسپتال تیزی سے زوال کا شکار ہو رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ چند ماہ میں اسپتال کی حالت اس قدر ابتر ہو گئی تھی کہ بنیادی سہولیات تک متاثر ہو چکی تھیں۔ پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ نئے ایم ایس کے تقرر کے بعد اسپتال میں بہتری آئے گی اور عوام کو حقیقی معنوں میں علاج کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔ کوہاٹ کے عوام نے بھی سیکرٹری ہیلتھ خیبر پختون خواہ شاہد اللہ خان کے اس بروقت اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں اصلاحات کے لیے یہ فیصلہ نہایت ضروری اور خوش آئند تھا۔