
02/07/2025
کوہاٹ:محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی، صفائی اور دیگر بلدیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران افسران نے مختلف امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس، ٹی ایم اے، واٹر سپلائی اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔اس موقع پر میلاد چوک میں قائم سب کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں میونسپل سروسز کے انچارج محمد وقاص نے کنٹرول روم کے انتظامات، سینیٹیشن پلان اور جلوسوں کے لیے کیے گئے دیگر اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔افسران نے جلوس کے مرکزی راستوں پر اسٹریٹ لائٹس کی مکمل فعالیت، صفائی کے خصوصی انتظامات اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی اور سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ امن و بھائی چارے کو فروغ دیں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ محرم کے ایام پرامن طریقے سے گزارے جا سکیں۔