19/12/2025
کمشنر کوہاٹ مُعتصم باللہ شاہ نے احکامات کی خلاف ورزی پر ضلع اورکزئی 8 افسران معطل، ایک ہفتے میں دفاتر منتقلی مکمل کرنے کی ہدایت
کمشنر کوہاٹ ڈویژن مُعتصم باللہ شاہ نے ڈپٹی کمشنر اورکزئی کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں لوئر اور اپر اورکزئی میں متعلقہ ضلعی محکموں کے دفاتر کی منتقلی سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے ضلعی افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر کوہاٹ نے باری باری تمام محکموں سے دفاتر کی منتقلی کے بارے میں استفسار کیا۔ اس موقع پر انکشاف ہوا کہ بعض افسران پیشگی جاری کیے گئے احکامات کے باوجود ابھی تک اپنے دفاتر متعلقہ تحصیلوں میں منتقل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس پر کمشنر کوہاٹ ڈویژن مُعتصم باللہ شاہ نے موقع پر سخت نوٹس لیتے ہوئے آٹھ افسران کو معطل کر دیا اور ان کی خدمات مزید انضباطی کارروائی کے لیے ان کے متعلقہ انتظامی محکموں کے حوالے کر دی گئیں۔ کمشنر کوہاٹ نے اجلاس کے شرکاء کو واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ سرکاری محکموں کی اولین ذمہ داری شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری خدمات تک آسان اور بروقت رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی سرکاری ملازم کام چوری یا عوام کو خدمات کی فراہمی میں غفلت کا مرتکب پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق مفادِ عامہ میں سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کی کہ ایک ہفتے کے اندر اندر ضلع اورکزئی کی متعلقہ تحصیلوں میں تحصیل افسران اپنے عملے سمیت دفاتر قائم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ احکامات پر عدم تعمیل کی صورت میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر کمشنر کوہاٹ نے ڈپٹی کمشنر اورکزئی کو بھی واضح ہدایات جاری کیں کہ دفاتر کی منتقلی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔