25/08/2025
کرک۔۔۔امن و امان کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی عمائدین,علماء اور تنظیموں کے زمہ داران نے شرکت کی۔ جرگے میں ضلع کرک کےمجموعی سیکورٹی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ کرک کے مشران و عوام نے سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ قیامِ امن کے لئے کام کرنے کا بھی اعلان کردیا۔ جرگے میں ڈپٹی کمشنر کرک اسد سرور، ڈی پی او کرک شہباز الہی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرک،اسسٹنٹ کمشنر تحت نصرتی حضرت بلال، اسسٹنٹ کمشنر بانڈہ داؤد شاہ حافظ علی نعیم شیخ، ضلعی ایمرجنسی آفیسر کرک عاطف سردار سمیت سول و عسکری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
امن جرگہ سے کوہاٹ ڈویژن کے بریگیڈیر خرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں جب علاقے میں امن ہوگا تو خوشحالی اور ترقی ہوگی دہشتگردی کے لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے عوام کو سیکورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ بے گناہ افراد کو قتل کرنے والے گمراہ ان کا اسلام سے تو درکنار کسی بھی مزہب سے تعلق نہیں، انہوں نے کہا کہ وطن اور قیام امن کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کو نہ ہم بھول سکتے ہیں اور نہ ہی ان کی قربانیاں رائیگاں جانے دینگے۔ علماء اور عمائدین کا کردار بہت اہم ہے عوام اور خصوصاََ نئی نسل کی زہن سازی کریں، سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے ہماری نئی نسل متاثر ہورہی ہے مقامی افراد امن دشمنوں کو پناہ نہ دیں اور نہ کسی قسم کی سہولتکاری کریں ان کے خلاف چیغہ پارٹیوں کو فعال بنائیں اور ایک زمہ دار اور محب وطن شہری کا کردار ادا کریں۔ جرگہ کے شرکاء نے قیام امن کے لئے سیکورٹی اداروں اور سول انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا اور قیامِ امن کے لئے ہر قربانی دینے کا اعلان کیا۔