20/06/2026
کوہاٹ: کمشنر ہاؤس میں اتحادِ امت کے عنوان سے گرینڈ جرگہ منعقد
کوہاٹ کے کمشنر ہاؤس میں "واعتصموا بحبل اللہ جمیعاً ولا تفرقوا" کے عنوان سے ایک عظیم الشان گرینڈ جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں اہل تشیع اور اہل سنت کے عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جرگے میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشران، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی اختلافات کو بھلا کر امن، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر، برداشت، محبت اور امن کا درس دیتا ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے۔
جرگے کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے میں امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا گیا اور ایسے اجتماعات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا۔ See less
See translation