
10/07/2025
ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ کے سپرنٹنڈنٹ معتصم باللہ کی دعوت پر سماجی کارکن ایثار علی بنگش نے اپنے وفد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔ وفد میں صوبائی نائب صدر ایپکا سلیمان خان، ڈاکٹر عاطف الرحمان خٹک، اور جہانزیب خان شامل تھے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ معتصم باللہ نے وفد کو جیل میں قائم کمپیوٹر سنٹر، سلائی سنٹر، لائبریری، منشیات بحالی مرکز اور لنگر خانے کا دورہ کروایا۔وفد نے قیدیوں سے ملاقات کی اور جیل انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔سپرنٹنڈنٹ معتصم باللہ نے ایثار علی بنگش کی جیل میں رضاکارانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے متعدد فلاحی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جن میں مخیر حضرات کا تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایثار علی بنگش جیسے افراد معاشرے کا سرمایہ ہیں،۔جو اصلاحی اداروں میں بہتری لانے کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایثار علی بنگش نے کہا کہ معتصم باللہ ایک محنتی اور فرض شناس افسر ہیں، جن کی قیادت میں ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگی۔ انہوں نے جیل اصلاحات کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔یہ ملاقات جیل میں جاری فلاحی سرگرمیوں اور قیدیوں کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد قیدیوں کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانا ہے۔