05/09/2025
پٹن (5 ستمبر 2025):آج یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر لاسونہ بلاسود قرضہ پروگرام کے تحت ایک پُر وقار اور جذباتی تقریب کا انعقاد کوہستان اِن ہوٹل پٹن میں کیا گیا۔ یہ تقریب پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں مقامی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے کل 36 افراد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں تحصیل چیئرمین مفتی رحمت اللہ صاحب اور سابق یونین کونسل پٹن کے ناظم جناب شیر خان صاحب شامل تھے۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد IFL ٹیم کی جانب سے بلاسود قرضہ اسکیم اور یومِ دفاع کی مناسبت سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلاسود قرضے کس طرح معاشی خود کفالت اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تحصیل چیئرمین مفتی رحمت اللہ صاحب نے خطاب کرتے ہوئے یومِ دفاع کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسلامک فنانسنگ ماڈل سے متعلق عوام میں پائے جانے والے خدشات کا مؤثر انداز میں ازالہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بلاسود قرضے شریعت کے عین مطابق ہیں اور معاشی استحکام کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔اس موقع پر اہل مستحقین میں آن لائن چیک رسیدات بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ تقریب کا اختتام ایک پُر سوز دعا کے ساتھ ہوا جس میں ملکی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور قومی اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔یہ تقریب نہ صرف یومِ دفاع کی یاد میں ایک خراجِ تحسین تھی بلکہ عوامی آگاہی اور مالی شمولیت کی جانب ایک عملی قدم بھی۔