04/09/2026
زندگی میں ذہنی سکون سے بڑی کوئی نعمت نہیں، اور اس سکون کی حفاظت کا پہلا اصول یہ ہے کہ ہر سوال کا جواب دینا، ہر غلط فہمی کی صفائی پیش کرنا اور ہر شخص کو مطمئن کرنے کی فکر میں گھلنا بند کیا جائے۔ جب آپ کا مقصد واضح ہو اور نیت خالص، تو بے جا بحث و مباحثے کے شور سے خود کو الگ کر لینا ہی سب سے بڑی دانشمندی ہے۔
یہی اصول تاریخ اور تحقیق کی دنیا پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
جھتیال برادری کی تاریخ اور شناخت کی تلاش میں مدد علی جھتیال صاحب کا کردار ہمیشہ نمایاں رہے گا۔ کسی بھی قوم یا قبیلے کی تاریخ کی تدوین میں سب سے مشکل کام پہلا قدم اٹھانا ہوتا ہے۔ انہوں نے سندھ سے لے کر پنجاب اور خیبر پختونخوا تک سفر کیے، پرانے سرکاری ریکارڈز، جمعبندیاں اور دستاویزات کھنگالیں اور برادری کی تاریخ کو کتابی شکل دی۔
اب اس تحقیق پر موافقت ہو یا اختلاف، ایک حقیقت مسلم ہے کہ انہوں نے ایک سوئی ہوئی برادری میں اپنی شناخت کی تلاش اور اجداد کی تاریخ کو محفوظ کرنے کی فکر پیدا کی۔ آنے والے دنوں میں چاہے ان کی تحقیق کے حق میں بات ہو یا اس کے برعکس—اس کا تمام تر کریڈٹ انہی کو جائے گا، کیونکہ انہوں نے تحقیق کا وہ در وا کیا جس کی بنیاد پر اب بات ہو رہی ہے۔
تاریخ کی دنیا میں ایک ہی قبیلے کی اصل کے بارے میں مختلف روایات کا ہونا کوئی نئی بات نہیں۔ برصغیر کے مشہور اور بااثر #ساداتِ بارہہ کو ہی دیکھ لیجیے؛ تاریخ دانوں اور نسب دانوں میں ہمیشہ یہ بحث جاری رہی کہ آیا وہ عرب سے واسط کے ذریعے آئے یا ان کی مقامی نسبی تاریخ کچھ اور تھی۔ اس تمام تر اختلاف کے باوجود ان کے تاریخی اثر و رسوخ اور پیش رفت کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکا۔
تاریخ کی دنیا میں اصل جواب ہمیشہ دلیل، سند اور نئی کتاب ہوتا ہے، نہ کہ جذباتی تکرار یا ذاتی تنقید۔
آئیے، بے جا تکرار سے نکل کر اپنی طاقت تحقیق، آگاہی اور برادری کے اتحاد پر صرف کریں۔ اپنے ذہنی سکون کی حفاظت کیجیے اور تاریخ کو احترام، سند اور شواہد کی روشنی میں دیکھنا سیکھیے۔