16/10/2024
انتہا پسندی‘ مذہبی منافرت‘ توہین مذہب جیسے منفی جذبات اور ہیجان خیزی میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔روایتی مذہبی طبقات ازخود بھی ایک دوسرے کے ساتھ باہم دست و گریباں ہیں۔ ایسے میں ہمارے پاس صوفیہ کے افکار و احوال سے رہنمائی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ یہی وہ برگزیدہ اور جلیل القدر ہستیاں ہیں، جنہوںنے قافلہ انسانیت کو امن‘ محبت، رواداری اور انسان دوستی جیسے اوصاف سے متصف کیا۔انہوں نے ہمیشہ دوسرے مذاہب اور طبقات کو مارجن دیا‘ ان کے افعال و اشغال کی توجیہہ پیش کی۔ ان کو سانس لینے کی گنجائش دی،ان کو کبھی دیوار سے لگانے کی کوشش نہیں کی۔ ان کے عقائد اور مذہبی پیشوائیت کے لئے جائز احترام فراواں کیا۔ انہوں نے اس عظیم انقلاب، جس کے سبب برصغیر ایک اسلامی سلطنت کا مظہر بنا،کے اجزائے ترکیبی میں محبت، علم‘ شعور اور آگہی جیسے ارفع عناصرکو بنیاد بنایا۔
مقامِ مسرت ہے کہ استاذ اور ماہرِتعلیم ڈاکٹر سعید احمد سعیدی نے موجودہ عصری تناظر میں ’’پرامن بقائے باہی کے فروغ میں صوفیائے کرام کا کردار‘‘ جیسے اہم موضوع پر قلم اٹھایا ہے۔ اس کتاب کے ذریعہ ڈاکٹر صاحب نے ایک اہم ضرورت کو پورا کیا۔ڈاکٹر صاحب کی فکررواں اور قلم سبک ہے،انہوں نے اپنی محنت، اخلاص اور تواضع سے نہایت مختصر عرصے میں معاصر علمی دنیا میں خو دکو نمایاں اور معتبر کیا ہے۔ کثیر الاشغال اور فیض رساں ہیں۔ صوفیائے کرام کے نظام فکر و عمل پر پختہ یقین کے حامل اور خانقاہی نظام کی ترویج اور احیاءکے علمبردار ہیں۔جدید دانش گاہوں کے ساتھ قدیم علمی زاویوں سے بھی بہرہ مند اور محراب و منبر جیسے وقیع ادارے سے منسلک ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کتاب سے استفادہ کرکے فکر صوفیا کو عام کیا جائے تاکہ یہ معاشرہ پھر سے امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔
نام کتاب: پُرامن بقائے باہمی کے فروغ میں صوفیہ کرام کا کردار
مصنف : ڈاکٹر سعید احمد سعیدی ایسوسی ایٹ پروفیسر پنجاب یونیورسٹی لاہور
صفحات:352
اعلیٰ طباعت،عمدہ بائنڈنگ،ڈیلکس ایڈیشن
عام ہدیہ | 1300
رعایتی ہدیہ | 1200
فری ہوم ڈیلیوری