
19/10/2022
سعودی عرب میں غیرملکیوں کی ملازمتوں میں مزید کمی ہونے جارہی ہے کیوں کہ وزارت افرادی قوت نے اس سال مزید 11 پیشوں کی سعودائزیشن کا منصوبہ بنا لیا۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے کہا ہے کہ وزارت اس سال کے اختتام سے قبل سعودائزیشن کے حوالے سے مزید 11 نئے فیصلے جاری کرے گی، جن کے تحت پروجیکٹ مینجمنٹ، سیلز اور فوڈ اینڈ ڈرگ سیکٹر کے پیشوں کی بھی سعودائزیشن کی جائے گی۔
انہوں نے ایوان صنعت و تجارت ریاض میں سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پیشوں، سرگرمیوں اور شعبوں کی سعودائزیشن کی بدولت پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی ملازمین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور ان کی تعداد 2.13 ملین سے تجاوز کرگئی اور سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوکر9.7 فیصد تک رہ چکی ہے، اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت کا تناسب 35.6 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔