29/05/2026
610 غیرقانونی تارکینِ وطن کی ڈنکی کریٹ پہنچ گئی ریسکیو آپریشنز کے بعد یونانی حکام الرٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔،
وزیر امیگرانٹس کی غیر قانونی مہاجرین کی بڑھتی آمد پر شدید برہمی کا اظہار
—————————//
ایتھنز(دیس پردیس رپورٹ)یونان کے جزیرے کریٹ اور گاودوس کے جنوبی سمندری علاقوں میں ایک ہی دن کے دوران کم از کم 610 غیرقانونی تارکینِ وطن کو مختلف کشتیوں سے ریسکیو کیا گیا، جس کے بعد مقامی بندرگاہی حکام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق جمعرات کی صبح سے شروع ہونے والے 10 مختلف سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں یہ تارکینِ وطن چھوٹی کشتیوں کے ذریعے یونانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی یونان کے مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (JRCC) نے کی۔ ان آپریشنز میں کوسٹ گارڈ کے جہازوں کے علاوہ فضائی وسائل، یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس (FRONTEX) کے ایک جہاز اور بعض مواقع پر گزرنے والے تجارتی جہازوں نے بھی حصہ لیا۔
تمام تارکینِ وطن کو بحفاظت مختلف مراحل میں کریٹ کے سودا، ایراپیٹرا، کالی لیمنیس، آیا گالینی اور گاودوس کی بندرگاہوں تک منتقل کیا گیا، جہاں متعلقہ حکام ان کی رجسٹریشن اور شناخت کے عمل میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تارکینِ وطن کی مسلسل آمد نے کریٹ کی بندرگاہی اور سکیورٹی فورسز کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے، جس کے باعث پورے علاقے میں نگرانی اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں لیبیا اور شمالی افریقہ کے ساحلی علاقوں سے روانہ ہونے والی کشتیوں کے ذریعے یونانی جزیروں تک پہنچنے والے تارکینِ وطن کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے یونان کو ایک بار پھر یورپ میں ہجرت کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وزیر امیگرانٹس یونان نے بڑھتی غیر قانونی مہاجرت پر تخفظات کا اظہار کرتے ہوئے سخت اقدامات کا عندیہ دے دیا ہے
فوٹو بشکریہ(پروتوتھیےما)