
14/05/2025
وزیراعظم کا آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ، شریک افسران و جوانوں سے ملاقات
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشن میں شریک افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ، کور کمانڈر سیالکوٹ سمیت اعلیٰ عسکری و سول قیادت بھی ان کے ہمراہ تھی۔
وزیراعظم نے پسرور چھاؤنی سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن کی بزدلانہ جارحیت کا مثالی اور فیصلہ کن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں میں دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے، یہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے، یہ قوم کا سرمایہ اور تاج ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی پہچان ہیں اور پوری قوم ان کی مقروض ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین، اصولوں اور اخلاقیات کے منافی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آئندہ دنوں میں ایئر بیسز اور نیول بیسز کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ فضائیہ اور بحریہ کے افسران و جوانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔