28/07/2026
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مطابق 12 اگست کو تقریباً دو برس کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر مکمل سورج گرہن کا نادر فلکیاتی منظر رونما ہوگا۔ تاہم اس کا مکمل مشاہدہ دنیا کے محدود خطوں میں ہی ممکن ہوگا۔
ناسا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی علاقوں اور پرتگال کے ایک محدود حصے سے دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس مرتبہ اسپین میں یہ منظر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا، کیونکہ وہاں سورج گرہن غروبِ آفتاب کے عین وقت وقوع پذیر ہوگا۔ ماہرین کے نزدیک یہ ایک نہایت دلکش اور کم یاب فلکیاتی مظہر ہے، جو ش*ذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
دوسری جانب یورپ کے بیشتر ممالک اور شمالی افریقا کے مختلف علاقوں میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا، جبکہ روس اس حوالے سے منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ روس کے مختلف حصوں میں کہیں سورج طلوع ہوتے وقت اور کہیں غروبِ آفتاب کے وقت جزوی گرہن کا مشاہدہ کیا جا سکے گا۔
روس کے غیر آباد طیمیر جزیرہ نما میں گرہن کا آغاز سورج کے طلوع کے ساتھ ہوگا، جبکہ ملک کے مغربی حصوں میں یہی منظر سورج غروب ہونے کے وقت دکھائی دے گا۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ غروبِ آفتاب کے دوران سورج گرہن کا پیش آنا ایک انتہائی نایاب واقعہ ہے، جو کئی برسوں کے بعد دیکھنے کو ملتا ہے، اور یہی پہلو اس مرتبہ کے سورج گرہن کو خاص اہمیت دیتا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن 12 اگست کی رات 10 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوگا، رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنی انتہا کو پہنچے گا، جبکہ رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔
Disclaimer: This content is shared for news and informational purposes only.