01/03/2025
عشقِ مجازی: خواب یا حقیقت؟
عشقِ مجازی وہ حسین دھوکہ ہے جو حقیقت کا لباس پہن کر دل میں اتر جاتا ہے۔ یہ وہ جذبہ ہے جو انسان کو ایک نئی دنیا میں لے جاتا ہے، جہاں محبوب کی ہنسی، اس کی باتیں، اس کی موجودگی سب سے زیادہ اہم لگتی ہے۔ مگر یہی عشق جب شدت اختیار کر لے تو دل میں اضطراب، بےچینی اور تڑپ پیدا کر دیتا ہے۔
یہی عشق مجنوں کو دیوانہ، فرہاد کو پتھر توڑنے پر مجبور، اور رانجھے کو جوگی بنا دیتا ہے۔ لیکن کیا عشقِ مجازی کا انجام ہمیشہ جدائی اور درد ہوتا ہے؟ یا یہ ایک ایسی سیڑھی ہے جو روح کو عشقِ حقیقی کی بلندیوں تک لے جا سکتی ہے؟
اقبال کہتے ہیں:
"عشق دمِ جبرئیل، عشق دلِ مصطفیٰ
عشق خدا کا رسول، عشق خدا کا کلام"
یہ عشق اگر خالص ہو، ہوس سے پاک ہو، تو یہی محبت ایک انسان کو دنیا کی محبت سے نکال کر اللہ کی محبت کی طرف لے جا سکتی ہے۔ جو عشق انسان کو بہتر بنائے، اس میں صبر اور وفا پیدا کرے، وہی سچا عشق ہے، ورنہ یہ صرف ایک فریب ہے جو وقتی خوشی اور پھر عمر بھر کا درد دیتا ہے۔
یہ عشق نہیں آساں، بس اتنا سمجھ لیجیے
اک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے
پس اگر عشقِ مجازی آپ کی روح کو نکھارتا ہے، آپ کو قربانی، ایثار، اور خلوص سکھاتا ہے، تو یہی عشقِ مجازی درحقیقت عشقِ حقیقی کی پہلی سیڑھی ہے۔ مگر اگر یہ محبت خود غرضی، تکلیف اور بربادی کا سبب بنے، تو یہ محض ایک سراب ہے جس کا انجام اندھیرا ہے۔