07/09/2024
کینیڈا میں مقیم ایک پاکستانی کو نیویارک میں دہشتگردی کے منصوبے میں داعش کی معاونت کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بیس سالہ محمد شاہ زیب پر جسے شاہ زیب جدون کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، الزام ہے کہ اس نے داعش کے نام سے اس سال سات اکتوبر کو نیویارک شہر کے اندر زیادہ سے زیادہ تعداد میں یہودیوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
یہ بات اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے بتائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی کے تحقیقاتی کام اور کینیڈا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فوری اقدام کی وجہ سے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کسی بھی کمیونیٹی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکہ کا محکمہ انصاف اپنے ملکی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش اور اس کے حامیوں کے خطرات سے نمٹتا رہے گا
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے ایک سال بعد، ملزم شاہ زیب امریکہ کے اندر یہودیوں کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔
ملزم شاہ زیب خان کینیڈا میں پلا بڑھا ہے اور اطلاعات کے مطابق اس نے کینیڈا سے نیویارک سفر کی کوشش کی جہاں اس نے بروکلین میں یہودیوں کے ایک سنٹر پر خود کار اور نیم خود کار ہتھیاروں کے ذریعے قتل عام کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ اور اس مقصد کے لیے اسے داعش کی حمایت حاصل تھی۔
شاہ زیب نے گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اور امریکہ میں مقیم داعش کا ایک حامی امریکی شہر کے اندر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔