10/07/2025
پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے وائس چیئرپرسن پی ایس پی اے جہاں آراء منظور وٹو کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو ان کی بین الاقوامی سطح پر منعقدہ کانفرنس لیڈ دی چینج فار سوشل پروٹیکشن میں کامیاب شرکت کے بعد منعقد ہوئی۔ یہ کانفرنس فرینکفرٹ، جرمنی میں منعقد ہوئی جہاں دنیا بھر سے سماجی تحفظ کے ماہرین اور قائدین نے شرکت کی، اور جہاں آراء منظور وٹو کی شرکت پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ثابت ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی سی ای او پی ایس پی اے سید آصف حسین شاہ نے وائس چیئرپرسن کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور اُن کی کامیاب نمائندگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پی ایس پی اے کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی ڈپٹی سی ای او ، پی ایس پی اے ، سید آصف حسین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائس چیئرپرسن نے نہ صرف صوبائی اور وفاقی سطح پر مؤثر انداز میں اتھارٹی کی نمائندگی کی بلکہ بین الاقوامی سطح پر دیگر عالمی فورمز پر بھرپور رابطہ کاری اور نمائندگی کی اور یہ پی ایس پی اے کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تمام افسران اور عملہ، اس اہم کامیابی پر وائس چیئرپرسن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم اسی محنت اور لگن کے ساتھ آپ کی قیادت میں پی ایس پی اے کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔
وائس چیئرپرسن، جہاں آراء وٹو نے اس موقع پر کہا کہ ہم اپنے کام سے انصاف کرنے والے لوگ ہیں اور اسی سوچ کے تحت پی ایس پی اے کے جاری پروگرامز میں بہتری لانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے بطور وائس چیئرپرسن اپنے لیے ایک ٹائم فریم مقرر کیا اور واضح اہداف رکھے جن کے تحت سب سے پہلے تمام اضلاع میں جا کر پی ایس پی اے کے پروگرامز کا خود مشاہدہ کیا، مسائل کو سمجھا اور زمینی حقائق کی روشنی میں بہتری کی کوشش کی۔ انہوں نے زیورِ تعلیم پروگرام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میری سربراہی میں ریکارڈ نقد ادائیگیاں کی گئیں، جبکہ نئی زندگی پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے چھ برن سینٹرز میں نئی زندگی پروگرام کا افتتاح ہوا اور دیگر پروگرامز میں بھی نمایاں نتائج حاصل ہوئے۔
وائس چیئرپرسن نے مزید کہا کہ ان کا دوسرا ہدف پاکستان کے تمام صوبوں کے درمیان روابط کو فروغ دینا تھا تاکہ سماجی تحفظ کے شعبہ میں مشترکہ اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔ اسی مقصد کے حصول کے لیے فروری 2025 میں بین الصوبائی سماجی تحفظ فورم کی بنیاد رکھی گئی تاکہ تمام صوبے ایک ساتھ مل کر سماجی تحفظ کیلئے پالیسی سازی اور اسے عملدرآمد کروانے پر کام کریں۔ وائس چیئرپرسن نے کہا کہ اگلا ہدف پی ایس پی اے کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی اور پاکستان کے سماجی تحفظ کےمؤثر اقدامات کو دنیا کے سامنے لانا تھا۔ جی آئی زیڈ کے تعاون سے ہمیں لیڈ دی چینج فار سوشل پروٹیکشن کے بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کا موقع ملا۔
وائس چیئرپرسن نے "ویمن لیڈرز فار سوشل پروٹیکشن نیٹ ورک" کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی سماجی تحفظ کے لیے مؤثر پالیسی سازی، بین الاقوامی تعاون، اور تجربات کے تبادلے کے لیے یہ نیٹ ورک ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔وومن لیڈر آف سوشل پروٹیکشن کی چیئرپرسن منتخب ہونا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کو اس اہم عالمی فورم کی قیادت کا موقع ملا۔میں اس عزم کا اظہار کرتی ہوں کہ اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی اور لگن سے ادا کروں گی اور پاکستان سمیت تمام رکن ممالک میں خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیاری کے لیے مؤثر اقدامات کو فروغ دوں.
تقریب کے اختتام پر وائس چیئرپرسن نے کہا کہ یہ تمام کامیابیاں پی ایس پی اے ٹیم کی بھرپور معاونت اور مسلسل محنت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ وائس چیئرپرسن نے پی ایس پی اے ٹیم کو ان کی محنت اور لگن پر ایک یادگاری شیلڈ پیش کی جو ڈپٹی سی ای او پی ایس پی اےنے وصول کی۔