26/11/2021
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 74.25 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 4.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہےاور برطانوی خام تیل کی قیمت 78.51 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔ایک ماہ قبل برطانوی خام تیل کی قیمت 86.40 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح پر تھی۔واضح رہے کہ رواں ماہ ذرائع اوگرا نے کہا ہے کہ آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل تک رہی تاہم 6 نومبر کو حکومت نے 85 ڈالر فی بیرل کے حساب سے قیمتوں کا تعین کیا ۔ ذرائع اوگرا کے مطابق 16 نومبر سے یکم دسمبر تک قیمتوں کے تعین کے لیے اوگرا نے ورکنگ کا آغاز کردیا ہے اور اب عالمی مارکیٹ کے مطابق آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں۔اوگرا ذرائع نے بتایا کہ حکومت تمام ٹیکسز کی موجودہ شرح لاگو کرکے قیمتیں برقرار رکھ سکتی ہے، لیوی ٹیکس ختم یا کم کرکے صارفین کو پیٹرول اور ڈیزل پر 9 روپے تک کا ریلیف بھی مل سکتا ہے، حکومت پیٹرول پر9 روپے62 پیسے اور ڈیزل پر9 روپے 14 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے۔واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 82.87 ڈالر فی بیرل ہوگئی جب کہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری 14 نومبر کو وزارت خزانہ کو بھجوائے گی۔
بشکریہ جاوید چودھری