24/08/2025
پانچ دیہات کے درمیان سینکڑوں ایکڑ پر پھیلا جنگل تباہی کے دھانے پر
محکمہ جنگلات کی عدم دلچسپی یا ملازمین کی غفلت؟
سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال کے پانچ دیہات دوبرجی, ڈیرہ بھٹیاں، گلاب گڑھ،مغل آباد اور پیر کوٹ کے درمیان سینکڑوں ایکڑ پر پھیلا سرکاری جنگل تباہی کے قریب پہنچ چکا ہے۔
چند عشرے قبل تک یہ جنگل سرسبز و شاداب اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں ناصرف بہت معاون تھا بلکہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ سالانہ تربیتی مشقیں بھی اسی جنگل میں کرتی تھی۔
مگر اب کچھ عرصے سے مذکورہ جنگل شدید ترین انتظامی نااہلی اور کرپشن کا شکار ہوچکا ہے ایک تو کافی عرصے سے جنگل میں نئے پودے بالکل نہیں لگائے گئے اور پرانے درختوں کی دیکھ بھال نا ہونے کے برابر ہے اوپر سے لکڑی چوری اور مویشی جانور چرانے سے چھوٹے خود رو پودے پروان نہیں چڑھ پاتے, مویشی چھوٹے پودوں کو روند دیتے ہیں جس سے چھوٹے بڑے درختوں کی تعداد خطرناک حد تک کم ہوچکی ہے اس کے علاوہ آگ لگنے کے واقعات بھی یہاں بہت تواتر سے پیش آتے ہیں لمحہ فکریہ ہے کہ جنگل کی بربادی کی وجہ سے چرند پرند بھی یہاں سے کوچ کر چکے ہیں ۔
فارسٹ آفیسر , گارڈ اور دیگر ملازمین کیوں غفلت کا شکار ہیں کیا لکڑی چوری روکنا ان کے بس میں نہیں یا یہ بھی اس سنگین جرم میں ملوث ہیں ؟ ۔
جنگل میں جانوروں کو کھلا چرنے کی اجازت کون دیتا ہے ملازمین کہاں ہیں کیا مویشی مالکان ان کی جیبیں گرم کرتے ہیں ؟۔
ایک عرصے سے نئے پودے کیوں نہیں لگائے جارہے اور پرانے درختوں کی دیکھ بھال کیوں نہیں ہورہی ؟ ۔
آگ لگنے کے واقعات یہاں کثرت سے ہوتے ہیں اس کی وجہ کیا ہے کیا کبھی کوئی پکڑا گیا یا کبھی کسی نے اس پر کوئی انکوائری کی ؟ ۔
کیا وجہ ہے کہ یہاں اکثر کوئی سرکاری ملازم نظر نہیں آتا کیا گھر بیٹھے سرکاری تنخواہیں وصول کی جارہی ہیں یا محکمے کے پاس ملازمین کی کمی ہے ؟ ۔
مذکورہ جنگل کو محکمہ جنگلات اور متعلقہ ملازمین فراموش کر چکے ہیں جس وجہ سے یہ ماحول دوست قدرتی ورثہ تباہی کے قریب پہنچ چکا ہے ۔
اہل علاقہ نے حکومت پنجاب اور متعلقہ ڈسٹرکٹ اتھارٹیز سمیت کورکمانڈر سیالکوٹ سے بھی اس ماحول دوست انمول ورثے کو بچانے اور آباد کرنے کی درخواست کی اور گزارش کی کہ ایک انکوائری کمیٹی بنائی جائے جو ناصرف جنگل کی بربادی کی وجوہات کا تعین کرے اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دلوائے بلکہ اس کو پھر سے سرسبزوشاداب اور چرند پرند کو واپس لانے کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھائے ۔
#وزیراعلیٰ_پنجاب