05/06/2026
لاہور پولیس کےلیے نئی سوشل میڈیا پالیسی نافذ
ایس ایچ اوز، انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کے لیے نئی سوشل میڈیا پابندیاں نافذ
ذاتی فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر وردی میں تصاویر شیئر کرنے پر پابندی
پولیس افسران باوردی ویڈیوز اور ذاتی سرگرمیوں کا مواد اپ لوڈ نہیں کر سکیں گے
لاہور پولیس کا بڑا فیصلہ، پرسنل اکاؤنٹس سے تمام باوردی تصاویر ہٹانے کی ہدایت
وردی میں تصاویر صرف سرکاری اور مجاز پولیس اکاؤنٹس سے شیئر ہوں گی
سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی کا انتباہ
لاہور پولیس نے وردی کے اختیارات کے ممکنہ ناجائز استعمال کی روک تھام اور محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے افسران کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی نافذ کر دی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ایس ایچ اوز، انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے باوردی تصاویر اور ویڈیوز فوری طور پر ہٹا دیں۔
نئی پالیسی کے تحت پولیس افسران کو فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یونیفارم میں تصاویر یا ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ افسران وردی میں ذاتی سرگرمیوں سے متعلق مواد بھی اپنے پرسنل اکاؤنٹس پر شیئر نہیں کر سکیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق پہلے سے موجود باوردی تصاویر اور ویڈیوز بھی ذاتی اکاؤنٹس سے ہٹانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ وردی میں تصاویر اور ویڈیوز صرف سرکاری اور مجاز پولیس اکاؤنٹس کے ذریعے ہی شیئر کی جا سکیں گی۔
لاہور پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد پولیس فورس کے پیشہ ورانہ تشخص کو برقرار رکھنا، سوشل میڈیا کے استعمال کو ضابطے میں لانا اور محکمانہ نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانا ہے۔