11/11/2025
ملکوال(نامہ نگار) مرمت کے نام پر نہ ختم ہونے والی لوڈشیڈنگ نے ملکوال کے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ گیپکو کے ملازمین مبینہ طور پر "تکنیکی مرمت" کی آڑ میں گھنٹوں بجلی بند رکھتے ہیں، جس سے کاروبار، تعلیم اور گھریلو معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں ٹرانسفارمرز لوڈ برداشت نہ کرنے کے باعث جل جاتے ہیں جبکہ سردیوں میں "مرمت" کے نام پر طویل بندش کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔ ہزاروں شکایات کے باوجود اعلیٰ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جیسے ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایک طرف ملکوال کو تحصیل کا درجہ دے کر ترقی کے خواب دکھائے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف گیپکو کے اقدامات علاقے کو کسی ایسے گاؤں کی تصویر بنا رہے ہیں جہاں بجلی نام کی کوئی سہولت موجود ہی نہیں۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے یا پھر تمام میٹرز اتار کر ہمیں پتھر کے دور میں واپس بھیج دیا جائے تاکہ کم از کم حقیقت اور وعدوں کا تضاد ختم ہو سکے۔