04/08/2025
ٹوبہ ٹیک سنگھ: تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاندان حادثے کا شکار، 4 افراد زخمی
ٹوبہ ٹیک سنگھ: رجانہ سمندری روڈ پر واقع 85 پلی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چیمہ برادرز کی تیز رفتار بس جو رجانہ سے سمندری کی جانب جا رہی تھی، اوورٹیکنگ کے دوران مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں محمد انور، ان کی اہلیہ رفیق ناز اور ان کی دو کمسن بیٹیاں، خدیجہ اور امِ حبیبہ شدید زخمی ہو گئیں۔ حادثے کے فوراً بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے عملے نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور بس ڈرائیور کی تلاش جاری ہے