23/05/2026
اب نماز پڑھنا بھی مشکل، اڈا پلی رنسیکے میں کریانہ سٹور پر چوری کی واردات
تھانہ پاہڑیانوالی پولیس کی فوری کارروائی، کم عمر بچہ گرفتار، چوری شدہ رقم برآمد
پاہڑیانوالی (کرائم رپورٹر ) اڈا پلی رنسیکے میں کریانہ سٹور پر ہونے والی چوری کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ مقامی دکاندار مہر محمد اشرف نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے تو پیچھے سے نامعلوم افراد نے دکان کا شٹر اٹھا کر غلے میں موجود نقدی رقم چرا لی۔
تفصیلات کے مطابق مہر محمد اشرف اپنی کریانہ دکان بند کر کے نماز پڑھنے مسجد گئے تھے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد جب واپس آئے تو دیکھا کہ دکان کا شٹر تھوڑا سا اوپر اٹھا ہوا تھا جبکہ اندر سامان بکھرا پڑا تھا اور غلہ مکمل طور پر خالی ہو چکا تھا۔ دکاندار نے فوری طور پر تھانہ پاہڑیانوالی پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ دورانِ تفتیش حیران کن انکشاف سامنے آیا کہ چوری کی واردات ایک کم عمر بچے نے کی تھی۔ پولیس کے مطابق بچے نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس کا والد شوکت علی نصر رائس ملز ہیگروالہ پر ملازم ہے۔
بچے نے مزید انکشاف کیا کہ چوری کی گئی رقم میں سے آدھی رقم وہ اپنے والد کو دے آیا تھا جبکہ باقی رقم دھدرا برکس کمپنی ہیگروالہ میں جا کر چھپا دی تھی۔ تھانہ پاہڑیانوالی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دھدرا برکس کمپنی سے چھپائی گئی رقم برآمد کر لی جبکہ کم عمر بچے کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے والد شوکت علی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اہلِ علاقہ نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری ایکشن سے دکاندار کی رقم برآمد ہونا خوش آئند اقدام ہے، تاہم شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے علاقے میں مزید سکیورٹی سخت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔