18/09/2025
*ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا ٹک ٹوک پلیٹ فارم استعمال کرنے والی مانسہرہ کی خواتین کے نام دو ٹوک پیغام*
مانسہرہ پولیس نے سوشل میڈیا، بالخصوص ٹک ٹوک اور دیگر پلیٹ فارمز پر فحاشی پھیلانے، غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے اور معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔
اس ضمن میں اب ان خواتین جو کہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے معاشرتی و اخلاقی حدود کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، انہیں متنبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنے رویے پر نظرثانی کرتے ہوئے اس عمل سے باز آجائیں، اپنے اکاؤنٹس پر باپردہ ہو کر اصلاحی پیغامات جاری کریں اور غیر اخلاقی مواد ہٹا دیں۔
مانسہرہ پولیس کی آئی ٹی ٹیم ایسے تمام اکاؤنٹس کو ٹریس کر چکی ہے اور 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ مہلت ختم ہونے کے بعد قانونی تقاضوں کے مطابق بلا امتیاز لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائیاں کی جائیں گی، اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا ہیکہ پولیس کا مقصد معاشرتی اقدار اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔ فحاشی اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ ایسے منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی کریں اور ایک محفوظ و باوقار معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
*عنقریب ان تمام نازیبا اور گالم گلوچ کے ساتھ ویڈیو اپلوڈ کرنے والے ٹک ٹاکرز، جن کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں انہیں ڈی پی او آفس میں ڈی پی او مانسہرہ کے سامنے پیش کیا جائیگا جس کے بعد ڈی پی او مانسہرہ ان کے اخلاق و کردار کا جائزہ لے کر انکے بارے میں حتمی فیصلہ کرینگے۔*