07/07/2025
کنڈر بیدادی کے عوام کا سیاسی قیادت سے اظہارِ مایوسی، آخری امید ایم این اے شہزادہ محمد گشتاسپ خان۔
کنڈر بیدادی (یور نیوز)
کنڈر بیدادی کے عوام نے طویل عرصے سے اپنے بنیادی مسائل کے حل نہ ہونے پر تمام سابقہ سیاسی قیادت سے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کی آخری امید موجودہ ایم این اے شہزادہ محمد گشتاسپ خان سے وابستہ ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق کئی دہائیوں سے ان کے علاقے کو جان بوجھ کر ترقی سے محروم رکھا گیا ہے۔ ہر الیکشن سے قبل دعوے اور وعدے تو کیے جاتے ہیں، مگر انتخاب جیتنے کے بعد کوئی بھی نمائندہ پلٹ کر عوام کی خبر نہیں لیتا۔
اہلیانِ کنڈر بیدادی کا کہنا ہے کہ علاقے کی سڑکیں آج بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، بجلی کے پول اور تاریں ناکارہ ہو چکی ہیں، نکاسی آب کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ایک خواب بن چکی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہر بار صبر کا دامن تھاما، مگر اب مایوسی حد سے بڑھ چکی ہے۔ ایسے میں شہزادہ محمد گشتاسپ خان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کنڈر بیدادی کے دیرینہ مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیں گے اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
اہلیانِ علاقہ نے اپیل کی ہے کہ موجودہ ایم این اے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے علاقے کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ برسوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔