24/09/2025
یمن سے داغے گئے ڈرون نے اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات کو نشانہ بنایا، 20 افراد زخمی
اسرائیل کے ساحلی جنوبی شہر ایلات میں اس وقت خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی جب یمن سے داغا گیا ڈرون شہر میں آ کر گرا اور زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حملے کے فوراً بعد ایلات شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات دی گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جبکہ فضا میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے ساحلی علاقے کی ناکہ بندی کر کے فضائی نگرانی بڑھا دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دفاعی نظام نے کئی ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، تاہم ایک ڈرون شہر میں گر کر تباہی اور جانی نقصان کا باعث بنا۔
مبصرین کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور حوثی ملیشیا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حوثی گروہ پہلے بھی اسرائیل کے خلاف ڈرون اور میزائل حملوں کا دعویٰ کرتا رہا ہے، جسے ایران کی حمایت حاصل ہے۔