21/09/2025
پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک مردان کی جانب سے بونیر کے متاثرہ سکولوں کو فرنیچر کی فراہمی
بونیر (20 ستمبر) — پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) ضلع مردان نے ضلع بونیر کے سیلاب سے بری طرح متاثرہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ضروری فرنیچر فراہم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں PEN مردان کے سابق صدر و جنرل سیکرٹری سید محمد الیاس، کیئر ٹیکر صدر و نائب صدر رئیس احمد خان، صدر تحصیل مردان وقار علی اور رکن پین مردان حسان احمد پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے فوری بعد PEN مردان نے بونیر کے عوام اور بالخصوص پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے دو ملین روپے سے زائد کی امداد فراہم کی۔ اس امدادی سلسلے میں متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس، ملبہ ہٹانے کے لیے نقد معاونت، اور پاک اسکول اینڈ کالج سسٹم مردان کے تعاون سے دس لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر شامل ہے جو طلباء، اساتذہ اور دفتری استعمال کے لیے فراہم کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی PEN بونیر کے صدر نثار اللہ خان، جنرل سیکرٹری محمد علی خان، فنانس سیکرٹری شاہین اللہ اور سرگرم رکن عنایت اللہ خان نے کی۔ یہ پروگرام بونیر ماڈل سکول ریگہ میں منعقد ہوا جس میں متاثرہ سکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلباء بڑی تعداد میں شریک تھے۔
تقریب کا سب سے متاثر کن لمحہ وہ تھا جب ننھا معصوم بچہ آذان، جس کے خاندان کے 17 افراد سیلاب کی نذر ہوئے، مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوا۔ پین مردان نے اسے قرآنِ مجید، مکمل اسکول بیگ، اسٹیشنری اور دیگر تحائف پیش کیے۔
پروگرام کے اختتام پر متاثرہ سکولوں کو فرنیچر فراہم کیا گیا جبکہ القلم اسکول بشونڑے کے عملے کو تنخواہوں کی مد میں نقد رقم دی گئی۔
مزید برآں، پین مردان نے بونیر کے متاثرہ مریضوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس میں 15 روز سے زائد عرصے تک مسلسل طبی و دیگر سہولیات بھی فراہم کیں۔
پین مردان اپنی تمام کابینہ اور ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے اپنے اداروں کی طرف سے بھرپور فنڈ ریزنگ کی۔ خصوصی شکریہ پاک اسکول اینڈ کالج سسٹم مردان کی سینئر مینجمنٹ کا جنہوں نے بونیر کے متاثرہ سکولوں کی بحالی کے لیے 10 لاکھ روپے فراہم کرکے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
آخر میں، ہم بونیر ماڈل سکول کی انتظامیہ اور پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ضلع بونیر کے بھی بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے شاندار میزبانی کی۔
لیکن یہ سلسلہ ابھی رکا نہیں۔ اگر ہمارے ساتھیوں کا یہی جذبہ برقرار رہا تو ان شاءاللہ بونیر کے تمام متاثرہ تعلیمی ادارے بہت جلد پہلے کی طرح بحال ہو جائیں گے۔
ریئس احمد خان
سینئر وائس پریزیڈنٹ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹورک ضلع مردان