19/10/2025
رستم(رستم نیوز رپورٹ) ایس ایچ او تھانہ رستم داود خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر شادی یا خوشی کی تقاریب میں اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے بعض افراد شادی یا خوشی کی دیگر تقاریب میں اسلحہ کی کھلے عام نمائش کرتے ہیں اور ہوائی فائرنگ جیسے غیر قانونی اور خطرناک افعال کا ارتکاب کرتے ہیں، اور پھر ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (جیسے فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک وغیرہ) پر فخر کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہوائی فائرنگ ایک سنگین جرم ہے جو بے گناہ شہریوں کی جان و مال کے لیے شدید خطرہ پیدا کرتا ہے۔ گرنے والی گولی کسی بھی شخص کی موت یا عمر بھر کی معذوری کا باعث بن سکتی ہے۔ اسلحہ کی نمائش بھی امن و امان کے لیے خطرے کا باعث ہے اور قانوناً ممنوع ہے۔ وہ تمام سوشل میڈیا پیجز، اکاؤنٹس، یا صارفین جو جان بوجھ کر ان غیر قانونی کارروائیوں کی تشہیر کرتے ہیں، یعنی اسلحہ نمائش یا ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں یا اس میں معاونت کرتے ہیں، ان کے خلاف بھی سائبر کرائم قوانین اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔