07/10/2025
مردان: ڈی پی او ظہور بابر آفریدی اور ایس پی انویسٹی گیشن نثار احمد خان کی زیر صدارت کرائم اینڈ سیکیورٹی میٹنگ — شادی سیزن میں ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی، غیر قانونی پرائیویٹ گارڈز ممنوع قرار
ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی اور ایس پی انویسٹی گیشن نثار احمد خان کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں کرائم اینڈ سیکیورٹی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان، سرکاری و حساس اداروں کی سیکیورٹی، انٹریس مقدمات اور پبلک لائزن کونسلز (PLC) کے کردار پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے ہدایت دی کہ شادی سیزن کے دوران ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پرائیویٹ گارڈز کی تعیناتی ممنوع ہے، اور بینکوں، مارکیٹوں اور سرکاری اداروں کی سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں، لینڈ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے، جبکہ پینڈنگ مقدمات جلد از جلد نمٹائے جائیں۔
ڈی پی او نے پولیس کو ہدایت دی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کی بروقت داد رسی کریں، اور ضرورت پڑنے پر عوام کی مدد کے لیے آؤٹ آف دی وے جا کر مسائل حل کریں۔
ٹریفک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے کے تعاون سے غیر ضروری یو ٹرن بند کیے جائیں، اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے اور پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
آخر میں ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے کہا کہ مردان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکس ہے، کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔