20/12/2025
مردان ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن یونین کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں فاونڈر گروپ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس سرحد ماربل فیکٹری میں منعقد ہوا، جس میں مردان ماربل انڈسٹری سے وابستہ فیکٹری مالکان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات برائے سال 2026/27 کے لیے متفقہ طور پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سجاد خان کو صدر، حیاء خان کو سینئر نائب صدر، بختیار خان کو جنرل سیکرٹری جبکہ سرور شاہ کو فنانس سیکرٹری کے عہدوں کے لیے فاونڈر گروپ کے امیدوار نامزد کیا جائے گا۔ شرکاء نے نامزد امیدواروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ٹیم ماربل صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور اس کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر صدارتی امیدوار سجاد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماربل سیکٹر کے لیے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی ماربل صنعت کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی صنعت کے مفادات کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بغیر کسی عہدے کے بھی ہمیشہ ماربل انڈسٹری کی بہتری کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے۔
سجاد خان نے حالیہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ماحولیات کے محکمے (انویارمنٹل ڈیپارٹمنٹ) کی جانب سے فیکٹریوں پر بے جا جرمانے عائد کیے گئے تو انہوں نے اس کے خلاف بھرپور آواز بلند کی اور فیکٹری مالکان کے موقف کو متعلقہ فورمز تک پہنچایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح ماربل صنعت کو درپیش قانونی، انتظامی اور معاشی مشکلات کا حل، صنعت کے لیے سازگار پالیسیوں کا حصول اور فیکٹری مالکان کے حقوق کا تحفظ ہے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے فاونڈر گروپ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ انتخابات میں اتحاد، مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے کامیابی حاصل کی جائے گی اور مردان ماربل انڈسٹری کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔