27/10/2025
سوات میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ریلی، ایک منٹ کی خاموشی اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیرِ نگرانی ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں شریک شرکاء نے کشمیری بہن بھائیوں سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کا عزم دہراتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس، محکمہ تعلیم، ریسکیو 1122، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سول ڈیفنس کے رضاکار، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی کے نمائندگان اور مختلف محکموں کے افسران ونمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) نعمت اللہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-I بابوزئی سید عمران علی شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II بابوزئی طارق خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سوات، ڈی ایس پی لیگل سوات پولیس سمیت دیگر افسران بھی ریلی میں شریک ہوئے۔
شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "Kashmir Black Day"، "We Stand with Kashmir" اور "Stop Human Rights Violations in IIOJK" جیسے نعرے درج تھے۔
ریلی کے دوران شرکاء نے بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کرے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا:
27 اکتوبر 1947ء انسانی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارت نے جبر و استبداد کے ذریعے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ آج کا دن کشمیری عوام کی قربانیوں، جدوجہدِ آزادی اور اُن پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد رکھنے کا دن ہے۔ ہم کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت ہر سطح پر کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اُس دن تک کھڑی رہے گی جب کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو کر حقِ خود ارادیت حاصل کرے گا۔
ضلعی انتظامیہ سوات اور دیگر تمام اداروں کے حکام و نمئندگان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ یومِ سیاہ کشمیر محض ایک دن نہیں بلکہ کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا عہد ہے، اور سوات کے عوام کشمیر کے عوام کے دکھ، درد اور جدوجہدِ آزادی میں برابر کے شریک ہیں ۔۔۔