10/08/2026
کمشنر ملاکنڈ کپ 2026: سنسنی خیز مقابلے کے بعد بونیر نے باجوڑ کو شکست دے دی ، ایم پی اے فضل حکیم کا ایک کروڑ 50 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان
سوات: کمشنر ملاکنڈ کپ 2026 کے سلسلے میں آج کھیلے جانے والے سنسنی خیز میچ میں بونیر کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے باجوڑ کو شکست دے کر میچ اپنے نام کرلیا میچ کے مہمانِ خصوصی رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنے فنڈ سے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔
کمشنر ملاکنڈ کپ 2026 کے اس اہم میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور شائقین کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ میچ کے اختتام پر بونیر کی ٹیم نے کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں جگہ بنا لی، جس پر کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خوشی کا اظہار کیا۔
مہمانِ خصوصی ایم پی اے فضل حکیم نے کامیاب ٹیم بونیر کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات اور کھیلوں کے میدان فراہم کیے جائیں تاکہ سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔
فضل حکیم نے اس موقع پر اپنے ترقیاتی فنڈ سے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فٹبال اور کرکٹ گراؤنڈز پر جاری کام کو مزید تیز کیا جائے اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سوات میں کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیلوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مناسب گراؤنڈز، سہولیات اور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے میدانوں کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر موجود کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے ایم پی اے فضل حکیم کی جانب سے کھیلوں کے لیے گرانٹ کے اعلان اور گراؤنڈز کی تعمیر و بہتری کے حوالے سے جاری ہدایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع ملیں گے بلکہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن سے قومی سطح کے بہترین کھلاڑی بھی سامنے آئیں گے۔
تقریب میں ٹیپ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید سواتی، ریجنل سپورٹس ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔ شرکاء نے کمشنر ملاکنڈ کپ 2026 کے انعقاد کو ملاکنڈ ڈویژن میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
کمشنر ملاکنڈ کپ کے اس مقابلے نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں میں بھی نوجوانوں کا جوش و جذبہ قابلِ دید ہے۔ بونیر کی فائنل میں رسائی کے بعد ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن مرحلہ مزید دلچسپ ہوگیا ہے، جبکہ شائقین کرکٹ اب فائنل مقابلے کے منتظر ہیں۔