
27/05/2025
شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ڈاکٹر ہاشم اللہ داوڑ نے کامیابی سے لائیو سٹاک مینجمنٹ میں اپنے پی ایچ ڈی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا۔ منگل کو زرعی یونیورسٹی پشاور کے مین کانفرنس روم میں 23 پروفیسروں کی موجودگی میں ڈاکٹر ہاشم داوڑ نے اپنی طرز کی انوکھی ریسرچ ،جو انہوں نے وزیرستان کی مقامی نسل کے وزیری بھیڑوں پر کی تھی ، کا کامیابی سے دفاع کیا ۔اپنے مقالے میں ڈاکٹر ہاشم داوڑ نے محققین کے سوالات کے جوابات دئے جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیری بھیڑیں دنیا کی واحد نسل ہے جس کا گوشت سب سے زیادہ لذیذ اور چربی کی مقدار سب سے کم ہوتا ہے جس کے باعث اس نسل کی بھیڑیں دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے از حد مفید ہیں۔ اپنے مقالے کے کامیاب دفاع پر موقع پر موجود ڈاکٹر ہاشم کے سپروائزر ڈین آف فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن، چیئرمین پروفیسر سید محمد سہیل ، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مراد وزیر اور دیگر شرکاء نے ڈاکٹر ہاشم کو مبارکباد دی ۔