
09/10/2025
منگلا ڈیم بھر گیا، پانی کی سطح 1242 فٹ ہے
ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 72 لاکھ 77 ہزار ایکڑ فٹ، زراعت اور پن بجلی کی پیداوار کے لئے خوش آئند ہے
9 اکتوبر 2025: پاکستان کا سب سے بڑا آبی ذخیرہ منگلا ڈیم مکمل بھر گیا ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1242 فٹ ہے۔ اس وقت ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 72 لاکھ 77 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک کے دیگر دو بڑے آبی ذخائر یعنی تربیلا اور چشمہ پہلے ہی اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق بھر چکے ہیں۔ اس وقت ملک کے تینوں آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ 33 لاکھ 16 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ تینوں آبی ذخائر میں پانی کی یہ مقدار ملک کے زرعی شعبہ اور پن بجلی کی پیداوار کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔
1967ء میں مکمل ہونے والا منگلا ڈیم کم و بیش 6 دہائیوں سے ملک کے اقتصادی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، منگلا ڈیم ضرورت کے وقت ملک میں آبپاش زراعت کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے، سیلاب روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور نیشنل گرڈ کو ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی فراہم کرتا ہے۔
منگلا ڈیم کی تکمیل پرڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 58 لاکھ 80 ہزارایکڑ فٹ تھی، جو گاد اور مٹی بھرنے کے قدرتی عمل کے باعث 2004ء تک کم ہو کر 46 لاکھ ایکڑ فٹ رہ گئی۔ 2004ء میں واپڈا نے منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کا آغاز کیا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد نہ صرف ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بحال ہوئی بلکہ 29 لاکھ ایکڑ فٹ کے اضافہ سے یہ بڑھ کر 75 لاکھ ایکڑ فٹ ہوگئی۔ اور یوں منگلا ڈیم پاکستان کا سب سے بڑا آبی ذخیرہ بن گیا۔
منگلا ڈیم ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے، جس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت1000 میگاواٹ تھی تاہم بجلی پیدا کرنے کے آلات پرانے ہونے اور منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کی وجہ سے اضافی پانی دستیاب ہونے پر واپڈا منگلا ریفربشمنٹ پراجیکٹ پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ یہ پراجیکٹ مر حلہ وار مکمل ہوگا اور اس کی تکمیل پر منگلا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1000 میگاواٹ سے بڑھ کر 1310 میگاواٹ ہو جائے گی۔