02/11/2025
ڈڈیال /میرپور (پی آئی ڈی)02نومبر2025
آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے کہاہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق فرشتہ صفت انسان ہیں جنھوں نے آزاد کشمیر میں طرز حکمرانی اور حکومتی وسائل کو صحیح معنوں میں عوامی خدمات کے تابع کیا، آزاد کشمیر میں ایک ارب روپے کا ہیلتھ پیکج دیا جس کے تحت تحصیل ڈڈیال میں ہیلتھ کے شعبہ میں 40 نئی آسامیاں تخلیق ہوئیں اور ان پر میرٹ کے مطابق تقرریاں عمل میں لائیں۔ اوناع بنیادی مرکز صحت مکمل طور پر فنکشنل ہوچکا ہے جس میں خاتون ڈاکٹر دیگر تربیت یافتہ عملہ اور ضروری ادوایات بھی موجود ہیں جس سے علاقہ کے عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات ان کی دہلیز پر ملیں گی،یونین کونسل اوناع میں ٹیکنیکل کالج جلد قائم کریں گے۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں تمام سپیشلسٹ ڈاکٹرزاور عملہ دن رات علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔اہلیان علاقہ ڈڈیال نے مجھے الیکشن میں بھرپور کامیاب کروایا میں نے ساڑھے چار سالوں میں دن رات ڈڈیال کی تعمیر وترقی اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا ہوا ہے آمدہ الیکشن میں عوام سوچ سمجھ کر کارکردگی کی بنیاد پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل اوناع میں پہلے بنیادی مرکز صحت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے میزبان سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری عنصر اقبال تھے جبکہ تقریب سے ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ، چیئرمین بلدیہ چوہدری حاجی مسعودبھلوٹ، وائس چیئرمین ضلع کونسل عدنان شوکت،سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری آفتاب احمد، چیئرمین اوناع حاجی راجہ راشد نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد خان، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر ندیم فضل داد، ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر ما ئدہ کوثر،اسسٹنٹ ڈی ایچ او ڈاکٹر شمائلہ کرن،میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ثانیہ، خالد میر،تحصیل کے انتظامی و پولیس آفیسران، حلقہ کے چیئرمینز،کونسلروں اور سول سوسائٹی کے سینکڑوں افراد موجود تھے۔قبل ازیں وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق جب بی ایچ یو کے احاطہ میں پہنچے توان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق نے کہا کہ بنیادی مرکز صحت کے قیام پر وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انور الحق،وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی،وزیر امور منگلا ڈیم چوہدری قاسم مجید کا شکر گزار ہوں جس کے باعث آج یہ بنیادی مرکز صحت عامہ مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے۔انھوں نے کہاکہ اس علاقہ میں صحت کی کسی قسم کی کوئی سہولت موجود نہیں تھی۔آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ڈاکٹر اور سٹاف موجود ہے۔اس سینٹر کو کامیاب کرنے کے لیے اہلیان علاقہ پر مشتمل ایک ہیلتھ کمیٹی قائم کی جائے تاکہ علاج معالجہ اور شکایات کا بروقت ازالہ ہوسکے۔انھوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ موجودہ ادوایات مریضوں کے لیے ہیں یہ ادوایات باہر کسی طرح فروخت کی گئیں تو سخت باز پرس کی جائے گی۔انھو ں نے کہاکہ اس سینٹر میں خاتون میڈیکل آفیسر ہیں جس کے باعث خواتین کے علاج معالجہ میں زیادہ سہولتیں میسر ہوں گی۔انھوں نے کہاکہ بی ایچ یو کے لیے وزیر امور منگلا ڈیم چوہدری قاسم مجید نے ایم ڈی ایچ اے سے یہ بلڈنگ خالی کروا کر دی جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انور الحق فرشتہ صفت انسان ہیں میں ایسے شخص کو کیسے چھوڑ سکتا ہوں جس نے آزادکشمیر کے عوام کے لیے اربوں روپے کے بجٹ دیے اور ہر طرح کی عوامی سہولیات مہیا کیں اگر ان کے ساتھ کوئی آخری بندہ رہ جاتا تو تو وہ میں ہی ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا چونکہ وزیر اعظم کی طرح نہ مجھے سرکاری گاڑی اور اقتدار کا شوق ہے۔اقتدار میں آنے کا مقصد لوگوں کے کام کاج کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔انھوں نے کہاکہ ڈڈیال کی تعمیر و ترقی میں وزیر اعظم کا اہم کردار ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کہیں نہیں جارہے وہ اپنا عرصہ اقتدار پورا کریں گے۔انھوں نے متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل کے حوالے سے یقین دہانی کروائی کہ منگلا ڈیم کی بورڈ میٹنگ میں پانی اور نامکمل بلڈنگز کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی دور میں ان کے ٹینڈر لگا کر جاؤں گا۔انھوں نے کہاکہ واپڈا کے متعلق ٹاؤنز میں بقیہ کام بھی مکمل کروائیں گے۔