
10/07/2025
میرپور(حیات نیوز) کشمیر پریس کلب سے ہمارے نمائندے کے مطانق سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور، ممبر پیپلز سپریم کونسل راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے میرپور ضلع مسائلستان بن گیا ہے۔
پیپلز سپریم کونسل نے باہمی مشاورت کے بعد ابتدائی چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کر دیا ہے حکومت 1 ماہ کا وقت دیتے ہیں اگر اس پر عملدرآمد نہ ہوا تو پھر اگلا لائحہ عمل دینگے، محکمہ مال کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے، رشوت خوری کے لیے ٹاؤٹ مافیا سرگرم ہے، مسٹ یونیورسٹی میرپور کو وویمن یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے، ادارہ ترقیات میں کی گئی کرپشن کو بے نقاب کر کے بندر بانٹ میں ملوث آفیسران کو کٹہرے میں لایا جائے، منگلا ڈیم آباد شہر میں پانی کی شدید قلت لمحہ فکریہ ہے۔ محکمہ PWD کا سفید ہاتھی قبلہ درست کرے،شہر بھر میں بجلی کا نظام اپ گریڈ کیا جائے، ذیلی کنبہ جات، متاثرین جنیال کے مسائل حل کیے جائیں۔ سانحہ کے ایف سی بااثر قوتوں نے کروایا اور رپورٹ بھی انہوں نے منظر عام پر نہیں آنے دی، کھاڑک میں کسی بھی ادارے کو کمرشل الاٹمنٹ نہیں کرنے دینگے یہ جینوا کنونش کی خلاف ورزی ہے اس کو روکیں گے، سرکاری ہسپتال کو ریفر سنٹر کی بجائے سہولیات دی جائیں، KIC کو اپ گریڈ کیا جائے، نادرہ کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے سے باز رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کامران طارق ایڈووکیٹ، حاجی تاج دین ایڈووکیٹ، مرزا افتخار قیوم، کونسلر راجہ تسلیم انجم،اشرف ایاز ایڈووکیٹ، نغمان عارف کمپلوی، آصف بٹ، میرپور پروٹیکشن فورم کے راجہ طاہر محمود، سابق امیدوار اسمبلی عارف چوہدری، عبدالجبار بٹ سمیت دیگر زعماء بھی موجود تھے۔
راجہ ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ و دیگر مقررین آصف بٹ،نغمان عارف کمپلوی، کامران طارق ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے میرپور مسائلستان بن گیا ہے ہم نے بغیرکسی سیاسی جماعت کی وابستگی کے میرپور کے مسائل پر جاندار آواز بلند کرنے کیلئے پیپلزسپریم کونسل تشکیل دی ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد شامل ہیں
۔
۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کھاڑک رہائشی آبادی ہے وہاں پر زور زبردستی سے SCO کو دس کنال اراضی دی جارہی ہے جس کی بھرپور مزاحمت کرینگے رہائشی ایریاجات میں کمرشل دفاتر کا کوئی کام نہیں یہ جینوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ ہم اشرافیہ کی مراعات ختم کروائینگے اس معاملے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر جدوجہد کرینگے انہوں نے کہا کہ بلدیہ اور MDA شہر میں مفاد عامہ کی جگہوں کو فوری واگزار کروائیں اس پر لیت و لعل کی پالیسی نہیں چلنے دینگے۔ شہر میں ویزوں کے فراڈ کے نام پر شہریوں کو 20 ارب کا چونا لگا ہے کوئی ادارہ موجود نہیں جو ان مافیا کو لگام ڈالے۔ تھانوں میں سیاسی مداخلت کو ختم کروایا جائے، بجلی کی وولٹیج ختم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ 1 ماہ میں مطالبات پر حکومت نے ایکشن نہ لیا تو پھر آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔