05/06/2026
آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 27 جولائی کو ہوگی
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے باضابطہ انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ریاست بھر میں پولنگ 27 جولائی 2026 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا عمل 9 جون سے شروع ہو کر 19 جون تک جاری رہے گا۔ امیدوار 19 جون کو شام 4 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون کو کی جائے گی، جس کا آغاز صبح 8 بجے ہوگا، جبکہ درست کاغذات نامزدگی رکھنے والے امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی اسی روز جاری کی جائے گی۔
مسترد ہونے والے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون تک دائر کی جا سکیں گی، تاہم اپیلیں دوپہر 2 بجے سے پہلے جمع کرانا لازمی ہوگا۔ ان اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی، جس کا وقت صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
اپیلوں پر فیصلے 28 اور 29 جون کو سنائے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے 30 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اس روز بھی دستبرداری کے لیے دوپہر 2 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔
امیدواروں کی حتمی فہرست یکم جولائی کو جاری کی جائے گی، جبکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 2 جولائی کو عمل میں لائی جائے گی۔ اسی روز حتمی امیدواروں کی فہرست بمعہ انتخابی نشانات بھی جاری کر دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں پولنگ 27 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی شیڈول فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔