26/10/2025
سرائیکی وسیب کے جوان کو کیا انصاف ملے گا؟
المناک خبر: پولیس حراست میں 14 سالہ عرفان بلوچ جاں بحق
تحصیل اوچ شریف، ضلع بہاولپور سے تعلق رکھنے والا 16 سالہ عرفان بلوچ پولیس کی حراست میں مبینہ تشدد کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، سینئر صحافی شاہد جتوئی نے انکشاف کیا کہ عرفان بلوچ کو اس کے تین ساتھیوں سمیت بدھ، 22 اکتوبر 2025 کو کراچی کے علاقے عائشہ منزل سے سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) سی آئی اے کے اہلکاروں نے گرفتار کیا۔
اگلے روز، جمعرات 23 اکتوبر کی شام لواحقین کو پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ “عرفان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا ہے، آ کر لاش لے جائیں۔”
لاش جناح اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی، جہاں مجسٹریٹ کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ بظاہر قتل کا واقعہ لگتا ہے، تاہم حتمی رپورٹ چند روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، عرفان کا گھر حالیہ سیلاب میں تباہ ہو گیا تھا، اور غربت و بے روزگاری کے باعث وہ روزگار کی تلاش میں کراچی آیا تھا — مگر سندھ پولیس کے مبینہ تشدد کا نشانہ بن گیا۔
یہ واقعہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ معاشرتی انصاف کے نظام کے لیے بھی ایک کڑی آزمائش ہے۔