10/08/2026
غور سے پڑھیں
مردان بورڈ میں 1171 نمبر لینے والے کی پہلی پوزیشن جبکہ 1177 نمبر لینے کے معاملے پرعوام الناس کی آگاہی کے لیے اہم وضاحت۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مردان عوام الناس کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرانا ضروری سمجھتا ہے کہ بورڈ کے منظور شدہ قواعد و ضوابط اور بورڈ کیلنڈر کے مطابق پوزیشن کا حقدار صرف وہ امیدوار ہوتا ہے جو نہم اور دہم جماعت کے امتحانات پہلی کوشش (First Attempt) میں، بالترتیب، کامیابی سے پاس کرے۔
اگر کوئی امیدوار SSC Annual-II (Improvement) یا اضافی امتحان کے ذریعے اپنے نمبروں میں اضافہ کرتا ہے، تو اگرچہ اس کے بہتر نمبر اس کے ریکارڈ کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم وہ بورڈ کے قواعد کے مطابق پوزیشن کا اہل نہیں رہتا۔
یہ اصول کسی ایک طالب علم، تعلیمی ادارے یا موجودہ امتحان کے لیے مخصوص نہیں بلکہ بورڈ کے قیام سے اب تک تمام امیدواروں اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر نافذ العمل ہے۔ تمام تعلیمی ادارے بھی ان قواعد و ضوابط سے بخوبی آگاہ ہیں، اور پوزیشنوں کا تعین ہمیشہ انہی قواعد اور میرٹ کے مطابق کیا جاتا ہے۔
لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ خبر، ویڈیو یا پوسٹ پر یقین کرنے یا اسے آگے شیئر کرنے سے پہلے متعلقہ ادارے سے معلومات کی تصدیق ضرور کریں۔ بغیر تحقیق کے بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن معلومات نہ صرف اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ عوام میں غلط فہمیاں بھی پیدا کرتی ہیں۔
ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا تقاضا یہی ہے کہ کسی بھی خبر یا دعوے کو شائع یا شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق متعلقہ ادارے سے کی جائے تاکہ درست معلومات ہی عوام تک پہنچیں.۔