17/09/2025
سوست دھرنا: نیشنل میڈیا کی پروپیگنڈہ مہم شرمناک
سوست میں گزشتہ دو ماہ سے جاری پرامن دھرنے کو نظر انداز کرنے کے بعد آج نیشنل میڈیا پر اس کے خلاف پروپیگنڈہ مہم چلائے جانے پر گلگت بلتستان کے عوام اور سیاسی قیادت نے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ذوالفقار علی مراد نے میڈیا پر چلنے والے منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تاجر اتحاد اور عوامی نمائندوں کے مطالبات حل کے قریب پہنچ رہے ہیں، عین اس وقت نیشنل میڈیا کا دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک متنازعہ خطہ ہے، یہاں کسی قسم کا ٹیکس عوام پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ سوست میں بیٹھے شرکاء 22 لاکھ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اگر نیشنل میڈیا پرامن جدوجہد کرنے والوں کو شرپسند قرار دیتا ہے تو یہ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔
ذوالفقار علی مراد نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر عوامی مطالبات تسلیم کرے اور میڈیا کو عوامی حقوق کے خلاف منفی مہم سے باز رکھا جائے۔