16/12/2025
پلندری شہر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ڈرائی فروٹ کی دکان پر کام کرنے والے دو کم عمر نوجوانوں کے درمیان ہونے والا معمولی تنازع جان لیوا جھگڑے میں تبدیل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق عظمت اللہ ولد خان محمد سکنہ باجوڑ ایجنسی، عمر تقریباً 20 سال، اور رفیع اللہ ولد شفیع اللہ قوم پٹھان، سکنہ باجوڑ، عمر تقریباً 17 سال، پلندری شہر میں ایک ڈرائی فروٹ کی دکان پر ملازمت کرتے تھے اور دونوں خوش اخلاقی کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق مغرب کے وقت دکان کا مالک نماز کی ادائیگی کے لیے گیا ہوا تھا کہ اسی دوران دونوں نوجوانوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تکرار اور پھر شدید جھگڑے میں بدل گئی۔ جھگڑے کے دوران چاقو کے وار سے رفیع اللہ کو گردن پر شدید زخم آئے۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پلندری منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اور خون کے نمونے تحویل میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے قاتل کو حراست میں لے لیا اہے